نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے نگران وزیر داخلہ ملک حبیب کو وزیراعظم ہاوس طلب کر کے میاں نواز شریف سے متعلق دیئے گئے متنازعہ بیان پر باز پرس کی۔ نگراں وزیرداخلہ نے وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے بیان کوسیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا۔
انہوں نے اچھی نیتی سے بیان دیا تھا تاہم اس کا غلط مطلب لیا گیا۔ نگراں وزیر داخلہ نے بتایا کہ وہ ملک میں ساز گار سیکورٹی ماحول کو یقینی بنانے کے لیئے ساری سیاسی قیادت سے بلا تفریق رابطہ کر رہے ہیں۔
نگراں وزیرا عظم نے کہا کہ نگراں حکومت کا مینڈیٹ منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومت اور وزرا اپنی غیر جانبداری کو یقینی بنائیں وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ وزرا اپنی توانائیاں منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیئے صرف کریں گے اور غیر جانبداری برقرار رکھیں گے ۔