فیصل آباد(جیوڈیسک)فیصل آباد میں بجلی چوروں نے مبینہ طور پر فیسکو کے لائن مین کوقتل کردیا۔ فیسکوترجمان نے واقعے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے، پولیس کہتی ہے کہ معاملہ ذاتی رنجش کا ہے۔
واقعہ فیصل آباد کے علاقے سہیانوالہ میں پیش آیا۔ فیسکو کے مقتول ملازم اکبر کے ورثا نے الزام لگایا کہ لائن مین اکبر نے چند روز قبل بااثر افراد عامر جیلا اور بھولا نامی دو افراد کے گھروں میں بجلی چوری پکڑی تھی، جس پر انہوں نے اکبر کو اغوا کرکے تشدد کیا اور گولیاں مار کر سڑک پر پھینک گئے۔
اکبر 4 دن تک الائیڈ اسپتال میں اسپتال میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔ ورثا نے مقتول اکبر کی لاش اسپتال کے باہر رکھ کر احتجاج کیا ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اطلاع دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔
ایس پی مدینہ ٹاون رانا عظیم کا کہنا ہے کہ اکبر اپنے ساتھیوں سے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ سے زخمی ہوا تھا اور بعد میں دم توڑ گیا،واقعے کا مقدمہ درج ہے۔دوسری طرف فیسکوانتظامیہ کے ترجمان شیخ طاہر نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اکبر کے قتل کابجلی چوری سے کوئی تعلق نہیں۔