کراچی : سابق حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ملک سے جہالت کے خاتمے کے لئے جد وجہد میں کوشاں ہے ،ملک سے جہالت کا خاتمہ کرکے ہی دہشتگردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ یقینی بنا یا جاسکتا ہے ۔ملک سے تعلیم کے فروغ میں اہم رکاوٹ ملک میں رائج دوہرا تعلیمی نظام ہے ملک سے دوہرے تعلیمی نظام کا خاتمہ کرکے ہے نہ صرف تعلیم کو فروغ بلکہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار سابق حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مفاد نسواں پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول شاہ فیصل کالونی کے زیر اہتمام سالانہ تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں 800طلباء و طالبات 2012-13میں تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر اسناد و انعامات سے نوازا گیا اس موقع پر طلباء و طالبات کے ہمراہ والدین اور اساتذہ اکرام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نشاط ضیاء قادری نے حقوق نسواں کی جدو جہد میں ملک کی سماجی شخصیت محترمہ ضیاء اختر بیگم باجی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج اُ ن کا لگایا گیا پودا مفاد نسواں ٹرسٹ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرچکا ہے آج بیگم باجی اس دنیا میں موجود نہیں ہیں مگر اُن کے لگائے ہوئے پودے سے آج لوگ استفادہ حاصل کررہے ہیں۔
نشاط ضیاء قادری نے مفاد نسواں ٹرسٹ اور اسکول انتظامیہ کو حقوق کی جدوجہد کے ساتھ علم کے فروغ کے حوالے سے مثالی کردار کو قابل تعریف قرار دیا انہوں نے اس موقع پر طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں علم کے حصول کے ساتھ علم کے فروغ کے لئے بھی اپنی علمی خدمات کو بروئے کار لائیں نشاط ضیاء قادری نے والدین اور اساتذہ اکرام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ طلباء و طالبات کی بہتر نگہداشت کے ساتھ اُن کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے کہاکہ آج کا طالب علم مستقبل کے معمار ہیں انہیں آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی سابق حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مفاد نسواں ٹرسٹ کی پرنسپل سیکریٹری مسز توصیف انوار اور دیگر کے ہمراہ طلباء و طالبات میں اسناد و انعامات تقسیم کی۔