چکوال کی خبریں 14.04.2013

راجہ یاسر سرفراز اور پی پی 21 کے اُمیدوار پیر شوکت حسین کرولی نے کہا ہے کہ ضلع چکوال کے عوام بھی بڑی تبدیلی کے لئے تیار ہو چکے ہیں

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار راجہ یاسر سرفراز اور پی پی 21 کے اُمیدوار پیر شوکت حسین کرولی نے کہا ہے کہ ضلع چکوال کے عوام بھی بڑی تبدیلی کے لئے تیار ہو چکے ہیں اور تبدیلی کے سونامی نے اپنا رُخ ظالم، بدعنوان اور فرعونوں کی طرف موڑ لیا ہے اور 11 مئی کو عوام دُشمن عناصر کا بے رحمی سے احتساب ہو گا۔ وہ پی پی اکیس کے قصبہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ امیدوارقومی اسمبلی این اے 60راجہ یاسر ہمایوں سرفراز خان اورامیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 20 پیر شوکت حسین کرولی کی شرکت آمد پر امیدواران کا والہانہ استقبال کیا گیااس کے ساتھ ہی سازشی افواہیں دم توڑ گئیں دونوں امیدواران کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی بھر پور حمایت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر پیر شوکت حسین کرولی نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور عوامی نمائندے ہونے کی حیثیت سے ہمارا حق بنتا ہے کہ عوام کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں جس سے عوام کی بھلائی ہو سکے اور مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اس بار ہم نے جو فیصلہ تحریک انصاف کا پلیٹ فارم چن کر کیا ہے اس سے میرا ضمیر مطمئن ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے معیار کی ضمانت انٹرا پارٹی الیکشن اورٹکٹوں کی تقسیم ہے اس موقع پر راجہ یاسرہمایوں سرفراز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سابق حکومتوں نے نمائندوںکے چنائو سے لیکر حکومتی پالیسیوں تک جس نااہلی کاثبوت دیا اس کا خمیازہ آج ہمیں مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے اور ملک کو اس دلدل سے نکالنے کی تمام پالیسیاں پاکستان تحریک انصاف کے پاس موجود ہیں اور انشاء اللہ اقتدار میں آنے کے بعد 90دنوں میں بلدیاتی الیکشن کروا دئیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار چوہدری لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی ہائی کمان ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر فیصلہ
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار
چوہدری لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی ہائی کمان ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر فیصلہ عوام اور کارکنوں کی خواہشات کے مطابق کرے گی۔ 11 مئی کو شریف برادران کی قیادت میں تمام چھ نشستو ںپر کامیابی حاصل کریں گے۔ وہ یونین کونسل نمبر 1 چکوال کی اہم شخصیت چاچا کرم دین نے چوہدری لیاقت علی خان سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اُن کو اس امر کا یقین دلایا کہ وہ اور اُن کی برادری جو کہ پانچوں یونین کونسلوں میں وسیع تعداد میں موجود ہیں چوہدری لیاقت علی خان کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کر دیںگے اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ عنقریب چکوال شہر کی پانچوں یونین کونسلوں میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر چوہدری نواز کنگ، سید امیر کوثر علی شاہ، سید انعام الحسن، چوہدری اورنگزیب دھرنٹ، مہدی شاہ، دانی شاہ، ملک بلال، راجہ مظہر، چوہدری خرم، ملک شہزاد، سیٹھ محمد عرفان، رشید جوئیہ اور دیگر مسلم لیگی کارکنان بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ این اے 60 کے آزاد اُمیدوار پیر عبد الشکور نقشبندی نے اتوار کے روز چھپڑ بازار میں اپنے الیکشن آفس کا افتتاح کر دیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حلقہ این اے 60 کے آزاد اُمیدوار پیر عبد الشکور نقشبندی نے اتوار کے روز چھپڑ بازار میں اپنے الیکشن آفس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر عمائدین علاقہ جن میں پیر اکبر ساقی، صاحبزادہ حبیب الرحمن، قاری نور عالم، مولانا عبد السلام اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ پیر عبد الشکور نقشبندی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ کراچی میں علماء کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو ادھ موا کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لال مسجد پر جب حملہ ہوا تو میجر طاہر اقبال وفاقی وزیر تھے مگر اُنہوں نے کوئی آواز نہیں اُٹھائی۔ انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹی ایم او چکوال ملک عابد حسین کا تبادلہ لاہور کر دیا گیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ٹی ایم او چکوال ملک عابد حسین کا تبادلہ لاہور کر دیا گیا ہے جبکہ اُن کی جگہ پر منڈی بہاؤ الدین سے ٹی ایم او طارق گورائیہ کو ٹی ایم او چکوال تعینات کیا گیا ہے جو پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے ضلع چکوال سے دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اُمیدواروںکو حتمی شکل دے دی ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے ضلع چکوال سے دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اُمیدواروںکو حتمی شکل دے دی ہے تاہم ابھی تک مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہائی کمان کے درمیان طے ہونے والی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے باوجود مقامی سطح پر کوئی ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے اُمیدواروں نے اپنی علیحدہ انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے جبکہ مسلم لیگ (ق) نے آزاد پینل کے سردار غلام عباس کے ہمراہ علیحدہ مہم شروع کر رکھی ہے جس کی وجہ سے اگر ایڈجسٹمنٹ نہ ہوئی تو دونوں پارٹیوں کے ووٹ تقسیم ہو جانے سے فائدہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کو ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار فخر محمود مرزا اور حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار چوہدری زین العابدین نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار فخر محمود مرزا اور حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار چوہدری زین العابدین نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ چک باقر شاہ، دلیل پور، چوآ گنج علی شاہ، نالی، ڈلوال اور دوالمیال میں عمائدین علاقہ کے ساتھ رابطہ مہم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف نے گذشتہ پانچ سالوں میں ایک دُوسرے کو تحفظ دینے کے علاوہ عوام کی بہتری کے لئے کوئی کام نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ قوم اب ایک متبادل قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ فخر محمود مرزا نے کہا کہ صدر مشرف کے
دور میں ملک میں جو ریکارڈ ترقی ہوئی ہے اُس کی مثال نہیں ملتی۔ چوہدری زین العابدین نے کہا کہ قوم کو سابق صدر مشرف جیسے ذہین اور لائق شخص کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو عوام انتخابی نشان عقاب پر مہر لگائیں۔