چکوال کی خبریں 15.04.2013

مسلم لیگ ن نے حلقہ این اے ساٹھ چکوال ایک میں سابق وفاقی وزیر میجر (ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ ن نے حلقہ این اے ساٹھ چکوال ایک میں سابق وفاقی وزیر میجر (ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے حلقہ پی پی بیس کے چوہدری لیاقت علی خان اور حلقہ پی پی اکیس کے ملک تنویر اسلم جو اس حلقے کے صوبائی امیدوار انہوں نے چند ماہ قبل ہی ایاز امیر پر عدم اعتماد کر دیا تھا اور پارٹی قیادت کو سفارش کی تھی کہ مذہبی حلقوں میں ایاز امیر کے خلاف شدید تحفظات ہیں اور ضلع چکوال میں مضبوط مذہبی ووٹ بنک ہے جو ہمیشہ مسلم لیگ ن کے حق میں استعمال ہوتا ہے ۔ دوسری طرف ایاز امیر پارٹی کی قیادت اور خصوصی طور پر شریف برادران کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیتے رہے ہیں اور خاص طور پر میمو گیٹ سیکنڈل میں میاں نواز شریف خود اس کے مدعی تھے مگر ایاز امیر نے قومی اسمبلی میں میمو گیٹ کو کاغذ کا ٹکڑا قرار دے دیا تھا جس کے نتیجے میں پارٹی کی ہائی کمان نے بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا نوٹس لے رکھا تھا ۔ میجر (ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ ملنے پر مجموعی طور پر مسلم لیگ کے اندرونی حلقوں میں بھی اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیدوار حلقہ پی پی بیس جماعت اسلامی ملک اختر نواز اعوان نے کہا ہے کہ عوامی گیارہ مئی کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر ضلع چکوال سے تھانہ کلچری کی سیاست پر عدم اعتماد کرینگے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)امیدوار حلقہ پی پی بیس جماعت اسلامی ملک اختر نواز اعوان نے کہا ہے کہ عوامی گیارہ مئی کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر ضلع چکوال سے تھانہ کلچری کی سیاست پر عدم اعتماد کرینگے ۔ تترال کی مغل برادری نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 20ملک اختر نواز اعوان کے حق میں دعائے خیر کر دی اور اس موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔امیدوار پی پی 20ملک اختر نوازاعوان کا استقبال صوبیدار محمد اقبال،سلطان خان ،محمد اشرف ،عرفان سلطان ودیگرنے کیا ملک اختر نواز اعوان کا اس موقع پر کہنا تھا ۔کہ عوام 11مئی کو ترازو کو کامیاب بنائیں ۔چکوال سے تھانہ کچہری کلچر کا خاتمہ کردیں گے۔جس جوش وخروش سے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے رہے ہیں۔اور جس طرح ہمیں ویلکم کر رہے ہیں ۔مجھے پوری امید ہے ۔گیارہ مئی کو فتح ترازو کی ہوگی ۔اور ہم نہ تو سیاسی بنیادوں پر اساتذہ کے تبادلے کریں گے ۔اور نہ لوگوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے پولیس جیسے اوچھے ہتھگنڈے استعمال کریں گے ۔ہم پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی مملکت بنائیں گے ۔ملک سے لوڈ شیڈنگ چھ ماہ میں ختم کردیں گے رشوت کے کلچر کا خاتمہ کریں گے اس موقع پر مقامی عمائیدین کا کہنا تھا ۔دن رات ایک کر کے تترال سے ترازو کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔اور اب ہمارا جینا مرنا ترازو کے ساتھ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک خدام اہلسنت والجماعت کے امیر قاضی ظہور الحسین اظہر کی صدارت میں ہنگامی اجلاس مدنی مسجد میں منعقد ہوا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک خدام اہلسنت والجماعت کے امیر قاضی ظہور الحسین اظہر کی صدارت میں ہنگامی اجلاس مدنی مسجد میں منعقد ہوا ۔ جس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ مسلم لیگ ن نے سابق ایم این اے ایاز امیر کو ٹکٹ جاری نہیں کیا ہے جس سے علمائے کرام اور دینی جماعتوں کی قوت کا احساس بھر پور طریقے سے سامنے آیا ہے قاضی ظہور الحسین نے کہا کہ ہم نے ابھی تک کسی امیدوار یا جماعت کی حمایت کا اعلان نہیں کیا جو جماعت ہمارے مطالبات کی یقین دہانی کرائے گی ہم اسے ووٹ دینگے ۔ کسی سے وعدہ نہ کیا جائے ہمیں کوئی جلدی نہیں ہم کو دنیا نہیں بلکہ اپنا ایمان بچانا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ بھیں تھانہ ڈھڈیال کے علاقے میں پانچ مسلح افراد نے حملہ آور ہو کر فائرنگ کر دی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصبہ بھیں تھانہ ڈھڈیال کے علاقے میں پانچ مسلح افراد نے حملہ آور ہو کر فائرنگ کر دی جس سے مزدوروں نے کھیتوں میں لیٹ کر جان بچائی ۔ ناصر عباس ولد نذر حسین ساکن بھیں نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے پولٹری فارم پر
موجود تھا کہ اچانک مقصود مظہر ولد مظہر حسین ، آفتاب ولد نور حسین ، افتخار ولدمہر خان ، غضنفر ولد انور اور احتشام دیگر چار پانچ نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ آئے اور فائرنگ شروع کر دی ہے اس نے اور مزدوروں نے کھیتوںمیں لیٹ کر جاں بچائی ہے وجہ عناد تنازعہ پولٹری فارم ہے ۔ سب انسپکٹر علی اکبر نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ وٹلی تھانہ چوآسیدنشاہ کے علاقے میں 80ہزار روپے مالیت کا بیل چوری کر لیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصبہ وٹلی تھانہ چوآسیدنشاہ کے علاقے میں 80ہزار روپے مالیت کا بیل چوری کر لیا گیا ۔ عباد علی ولد راج علی نے پولیس کو بتایا کہ اس راس بیل مالیتی 80ہزار روپے چوری کر لیا گیا ۔ اب پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ واردات محمد افتخار ولد غلام محمد نے کی ہے اے ایس آئی محمد اسحاق نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ بھبھڑ تھانہ ڈوہمن کے علاقے میں 50ہزار روپے مالیت کا عمارتی سامان چوری کر لیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصبہ بھبھڑ تھانہ ڈوہمن کے علاقے میں 50ہزار روپے مالیت کا عمارتی سامان چوری کر لیا گیا ۔ محمد ارسلان ولد محمد اعجاز نے پولیس کو بتایا کہ ان کے مکانوں کی چھت اتاری جا رہی تھی جس پر وہ اپنی ہمشیرہ اور بہنوئی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ملزمان عدنان اس کے بھائی عمران پسران طارق محمود مکانوں کی چھت ٹریکٹر ٹرالی پر لوڈ کر رہے تھے سب انسپکٹر تنویر اعظم نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ جھالے تھانہ ڈھڈیال کے علاقے میں گھر کے تالے توڑ کر ڈھائی لاکھ روپے مالیت کا سامان اور نقد رقم چوری کر لی گئی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصبہ جھالے تھانہ ڈھڈیال کے علاقے میں گھر کے تالے توڑ کر
ڈھائی لاکھ روپے مالیت کا سامان اور نقد رقم چوری کر لی گئی ۔ مدثر حنیف ولد محمد حنیف نے پولیس کو بتایا کہ اس کے گھر سے 82ہزار چھ سو روپے نقد طلائی زیورات ، کپڑے اور اس کے ملحقہ گھر ملکیتی محمد ظہور ولد محمد حسین سے بھی نقد رقم اور طلائی زیورات چوری کر لیے گئے ۔اب پتہ چلا ہے کہ یہ کاروائی ارشد محمود ولد محمد اشرف ساکن مونا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر کی ہے ۔ سب انسپکٹر علی اکبر نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع چکوال میں 15تا17اپریل پولیو مہم کا افتتاح گذشتہ روز ڈی سی او چکوال یاور حسین نے رورل ڈسپنسری ڈسٹرکٹ کمپلیکس غازی آباد میں بچوں کو پولیو سے حفاظتی قطرے پلا کرکیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع چکوال میں 15تا17اپریل پولیو مہم کا افتتاح گذشتہ روز ڈی سی او چکوال یاور حسین نے رورل ڈسپنسری ڈسٹرکٹ کمپلیکس غازی آباد میں بچوں کو پولیو سے حفاظتی قطرے پلا کرکیا،اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ چکوال ڈاکٹر ناصر محمود،،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر علیم دانش،ڈاکٹر مختار اور ڈاکٹر بلال ظفر کے علاوہ متعلقہ افسران بھی موجود تھے،اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ حالیہ مہم کے دوران 5سال سے کم عمر ایک لاکھ83ہزار838بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،اس مقصد کیلئے پورے ضلع کو17زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور یونین کونسل سطح پر 80ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں جبکہ405موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلوائیں گی،87فکسڈ ٹیمیں ہسپتالوں ،رورل ہیلتھ سینٹرزمیں،31ٹیمیں ڈسٹرکٹ بائونڈری،موٹر وے انٹر چینج اور بسوں کے اڈوں پر قطرے پلوائیں گی،ڈی سی او چکوال نے کہاکہ پولیو مہم کو سوفیصد کامیاب کیا جائے اور پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔