کوئٹہ(جیوڈیسک)بلوچستان کے علاقے ماش کیل، نوکنڈی اور دالبندین میں آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ ریکٹر اسکیل پر شدت چھ ریکارڈ کی گئی۔ جھٹکے خلیجی ریاستوں مسقط اور عمان بھی محسوس کیے گئے۔منگل کو آنے والے زلزلے سے چونتیس افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
ماش کیل اور نواحی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے کئی سیکنڈ تک محسوس کیے گئے ۔ زلزلے کا مرکز پاک افغان بارڈر بارڈر جبکہ زیر زمین گہرائی تراسی میل تھی۔ زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ جھٹکے بلوچستان کے کئی علاقوں سمیت خلیجی ریاستوں مسقط اور عمان میں بھی محسوس کیے گئے۔
گزشتہ روز آنے والے زلزلے سے چونتیس افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جبکہ ایک ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے۔ پاک فوج نے پاک ایران سرحد سے ملحقہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ فوجی ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں طبی عملہ، ٹینٹ، ادویات اور دیگر سامان لے کر پہنچ گیا ہے۔
ماش کیل میں ایف سی کا یونٹ نمبر باسٹھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ زلزلے سے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایف سی کی کئی بیریکس تباہ ہو گئیں۔ گزشتہ گیارہ سالہ تاریخ میں یہ سب سے شدید زلزلہ ہے۔