کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن، جمعہ کو حتمی فہرست جاری ہوگی

Documents

Documents

لاہور (جیوڈیسک)گجرات سے چودھری شجاعت کے بھائی چودھری وجاہت نااہل ہوگئے، لاہور سے عمران خان پر اعتراض مسترد کر دیا گیا، لاہور کے حلقہ ایک سو بائیس سے انتخاب لڑیں گے،جن اپیلوں پر فیصلہ نہیں ہوا وہ مسترد ہو گئیں ،آج کاغزات واپس لینے کی آخری تاریخ ہے ، جمعہ کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کو این اے 122 لاہور سے الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ وقاص اکرم کے کاغذات منظورکرلیے گئے ،این اے89جھنگ سے الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہوگئے ہیں ،شیخ وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی جعلی ڈگری ہونے پرمسترد کیے گئے تھے۔ این اے 104 سے چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت کو نااہل قرار دے دیا گیا۔

ٹریبونل نے دہری شہریت چھوڑنے پر این اے 104سے نوابزادہ غضنفر علی گل کو الیکشن لڑنے کا اہل قرار دے دیا۔ الیکشن ٹریبونل سندھ نے ریٹرننگ افسران کے خلاف دو سو چالیس سے زائد درخواستیں نمٹا دیں۔ آخری روز فہمیدہ مرزا کی پپو شاہ کے کاغذات منظور کرنے کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے ن لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد اور سابق صوبائی وزرا علی مدد جتک اور سید احسان شاہ کو نا اہل قرار دے دیا۔

نا اہل قرار پانے والوں میں جے یو آئی ف کے سابق ارکان قومی اسمبلی روزالدین کاکڑ اور مولوی آغا محمد، سینیٹر حافظ حمداللہ، ق لیگ کے سابق سینیٹر میر محبت خان مری، ق لیگ کے عبدالکریم نوشیروانی، ن لیگ کے ظہور حسین کھوسہ،جے یو آئی نظریاتی کے مولوی محمد حنیف اور سردار فتح علی عمرانی شامل ہیں۔

تاہم الیکشن ٹریبونل نے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی، سید مطیع اللہ آغا، سابق رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ طارق مگسی، بی این پی کے سینئر رہنما ثنا اللہ بلوچ،اے این پی کے زمرک خان اچکزئی، جے یو آئی ف کے مولانا عبدالواسع اور آزاد امیدوار جام کمال کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ پشاور ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل نے جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ خلیفہ عبدالقیوم اور اے این پی کے سابق صوبائی وزیر میاں نثارگل کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔