اسلام آباد(جیوڈیسک)چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی پر کوئی دو رائے نہیں یہی وجہ ہے کہ عوام نے عدلیہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد چیف جسٹس کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے ججز نے ایک ماہ میں پانچ ہزار پانچ سو مقدمات نمٹائے۔
عدالت عظمی نے روزمرہ کے مقدمات کے علاوہ انسانی حقوق کے مقدمات کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے۔ اجلاس میں انتظامی امور اور مقدمات نمٹانے کی شرح پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بے بنیاد مقدمے بازی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور جھوٹے درخواست گزاروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے جبکہ مقدمات جلد نمٹانے کیلئے دیگر رجسٹریوں میں مختلف بنچ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔