چکوال کی خبریں 19.04.2013

بزرگ مسلم لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد المجید ملک نے جمعرات کے روز بتایا کہ ضلع چکوال مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بزرگ مسلم لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد المجید ملک نے جمعرات کے روز بتایا کہ ضلع چکوال مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے اور میاں نواز شریف نے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگی کارکنوں کا احترام کرتے ہوئے شریف النفس میجر (ر) طاہر اقبال کو این اے 60 کا ٹکٹ دیا ہے جس سے لیگی کارکنوں میں ایک نیا جوش اور جذبہ پیدا ہوا ہے اور 11 مئی کو مسلم لیگ کا بھرپور چھکا لگے گا۔ وہ محلہ کاظم آباد میں اُمیدوار حلقہ این اے 60 فخر محمود مرزا کی طرف سے میجر (ر) طاہر اقبال کے حق میں دستبردار ہونے کی ایک تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ فخر محمود مرزا نے بتایا کہ علاقہ لنڈی پٹی کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے میں نے الیکشن میں خود حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب مسلم لیگ (ن) نے لنڈی پٹی کے سپوت میجر (ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ دیا ہے تو میں علاقے کے بہترین مفاد میں اُن کے حق میں دستبردار ہو رہا ہوں۔ تقریب سے سابق یونین ناظم جنڈ خانزادہ صوفی مشتاق بھٹی اور سابق یونین ناظم ڈوہمن ملک ظفر اقبال نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر حاجی نذیر سلطان، چوہدری شہریار لیاقت، سابق یونین ناظم ملہال مغلاں راجہ ارشد دھروگی اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جنرل عبد المجید ملک نے کہا کہ 1985ء والی مسلم لیگ مکمل طور پر متحد ہو چکی ہے۔ ہمارا مقابلہ سردار غلام عباس اور راجہ یاسر سرفراز سے ہے اور اس دفعہ مقابلے بڑے سخت ہوں گے مگر چونکہ مسلم لیگ (ن) کا ایک مضبوط ووٹ بینک ہے لہٰذا ہمیں اپنے مخالفین پر واضح برتری حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نازک حالات سے گذر رہا ہے اور اس وقت مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار ملک اختر شہباز اور سابق تحصیل ناظم چکوال سردار آفتاب اکبر کے چوآسیدن شاہ، بھلہ، کریالہ،ڈھوک ٹاہلیاں اور شاہ سید بلہو کے طوفانی دورے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد پینل کے حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار ملک اختر شہباز
اور سابق تحصیل ناظم چکوال سردار آفتاب اکبر کے چوآسیدن شاہ، بھلہ، کریالہ، ڈھوک ٹاہلیاں اور شاہ سید بلہو کے طوفانی دورے۔ جہاں پر متعدد برادریوں نے حلقہ این اے 60 پر سردار غلام عباس اور حلقہ پی پی 21 پر ملک اختر شہباز کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار آفتاب اکبر اور ملک اختر شہباز نے کہا کہ سابقہ پنجاب حکومت کے تعینات افسران بدستور تعینات ہیں جو مختلف لالچ دے کر مسلم لیگ (ن) کے ووٹ مانگ رہے ہیں لہٰذا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر چکوال ان افسران کو فوری طور پر تبدیل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما محترمہ مریم نواز 21 اپریل کو تلہ گنگ کا دورہ کریں گی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما محترمہ مریم نواز 21 اپریل کو تلہ گنگ کا دورہ کریں گی اور وہاں پر ایک بڑے جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گی۔ اس ضمن میں جمعرات کے روز پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع چکوال کے صدر چوہدری لیاقت علی خان کی رہائش گاہ پر انتظامات کا جائزہ لینے اور اہم مشاورت کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بزرگ مسلم لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبد المجید ملک، اُمیدوار حلقہ این اے 60 میجر (ر) طاہر اقبال، اُمیدوار حلقہ این اے 61 سردار ممتاز خان ٹمن، اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان، اُمیدوار حلقہ پی پی 21 ملک تنویر اسلم سیتھی، اُمیدوار حلقہ پی پی 22 سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ کے علاوہ مہوش سلطانہ، راجہ ساجد اقبال، چوہدری مشتاق تھنیل، چوہدری حیدر سلطان، ملک خالد ٹہی، ملک خالد نوابی، ملک سلیمان عاطف، چوہدری نواز کنگ، سیٹھ محمد عرفان، قاضی ظفر اقبال ظفری، چوہدری سجاد احمد خان، ملک بشیر للی نے شرکت کی۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد ضلعی صدر چوہدری لیاقت علی خان نے اعلان کیا کہ محترمہ مریم نواز کا جلسہ تلہ گنگ میں منعقد ہو گا۔ تلہ گنگ کے قائدین، اُمیدواران اور کارکنان سخت محنت کریں جبکہ چکوال کے اُمیدواران اور کارکنان بڑے جلوسوں کی شکل میں تلہ گنگ پہنچیں۔ اس اہم اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ضلع بھر میں مسلم لیگ (ن) دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے
گی کیونکہ سب پر عیاں ہے کہ ضلع چکوال مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے اور ضلع بھر کے عوام میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے گہری محبت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی ولولہ قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلوان گروپ کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی20شیخ وقارعلی کی علاقہ لنڈی پٹی میں پیش قدمی جاری
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پہلوان گروپ کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی20شیخ وقارعلی کی علاقہ لنڈی پٹی میں پیش قدمی جاری،علاقہ لنڈی پٹی کو اپنی میراث سمجھنے والوں کی نیندیں حرام ہوگئیں،تفصیلات کے مطابق شیخ وقارعلی آمدہ انتخابات کے سلسلہ میں اپنی انتخابی مہم کے دوران علاقہ لنڈی پٹی میں مسلسل جارحانہ پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اس سلسلہ میں شیخ وقارعلی کے اعزازمیں گذشتہ روز یونین کونسل ملہال مغلاںکے موضع ریڑھا داخلی غازیال میں کارنر میٹنگ کا اہتما م کیا گیا ،مذکورہ کارنر میٹنگ کا انتظام عاطف،شہزاد احمد،افضال احمد،راجہ فردوس،عرفان،راجہ قربان ،علی حماد،نازک حسین،غلام رسول،راجہ منصور اور دیگر معززین و اہلیان موضع ریڑھا نے کیا تھا،اس موقع پر ریڑھا کی مختلف برادریوں نے شیخ وقارعلی کی حمایت میں دعائے خیر بھی کہی،پہلوان گروپ کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی20شیخ وقار علی نے کہا ہے کہ گزشتہ پینسٹھ سالوں سے سیاست کو اپنی میراث سمجھنے اور جھوٹے پرچوں ،تبادلوں اور جبر و ظلم کی سیاست کرنے والے اتنا یاد رکھیں کہ آنے والے کل میں انہیں یہ سب کچھ خود بھی برداشت کرنا پڑ سکتا ہے ، کیونکہ اب غریب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور عوام اب آئندہ ڈر، خوف یا جبر کی سیاست کو برداشت نہیںکریں گے، انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن والوں نے ہزاروں افراد کے سامنے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ اگر پارٹی ہائی کمان نے انہیں کوئی اور ذمہ داری سونپی تو پی پی20سے مجھے پارٹی ٹکٹ دلوائیں گے اب چونکہ بیگم عفت لیاقت کو این اے ساٹھ سے مسلم لیگ ن کاٹکٹ جاری کیاجاچکا ہے اس لیے اب چوہدری لیاقت علی خان مجھے پی پی بیس کاٹکٹ دلوانے کا وعدہ پورا کریں اور اگر یہ وعدہ پور انہ کیا گیا تو آئندہ الیکشن میں آزاد حیثیت سے ہر حال میں حصہ لوں گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی چکوال کے حلقہ پی پی 20 سے نامزد امیدوار ملک اختر نواز اعوان کے طوفانی دورے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جماعت اسلامی چکوال کے حلقہ پی پی 20 سے نامزد امیدوار ملک اختر نواز اعوان کے طوفانی دورے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لاتے ہو ئے ادھوال،چکرال،چتال،تترال،اوڈھروال اور مرید کا طوفانی دورہ کیا ۔اور مختلف برادریوں کے سرکردہ لو گوں سے ملاقاتیں کئی انکا کہنا تھا ۔کہ ترازو تبدیلی کی علامت بن چکا ہے۔اور لوگوں کی امیدوں کا سہارا ہے ۔اب اس ملک کو ایک فلاحی ریاست بنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ترازو کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے ۔لو گوں کو انصاف ہم فراہم کریں گے روزگار اور عوام کے جان مال کے تحفظ کی ذمہ دار حکومت ہوگی ۔عوام ترازو کو کامیاب بنائیں پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست ہم بنائیں گے۔اور قانوں امیر اور غریب کے لئے برابر ہوگا ۔عوام آنے والے الیکشن میں آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کردیں ۔اگر قوم نے ہم پر اعتماد کیا تو پاکستان کو پر امن اور خوشحال ملک بنائیں گے تاکہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں ۔اگر اس بار قوم نے درست فیصلہ نہ کیا تو تاریخ کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال شہر سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم نے یونیورسٹی آف لاہور الیکٹرونکس انجینئرنگ میں ٹاپ کر لیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چکوال شہر سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم نے یونیورسٹی آف لاہور الیکٹرونکس انجینئرنگ میں ٹاپ کر لیا، جس پر یونیورسٹی کی طرف سے گولڈ میڈل پہنایا گیا۔ زیمکو موٹر سائیکل شو روم کے پروپرائیٹر چوہدری محمد حسنین کے صاحبزادے تیمور حسنین نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکٹرانکس انجینئرنگ کی ڈگری میں دی یونیورسٹی آف لاہور میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر ایم اے رؤف نے تیمور حسنین کو گولڈ میڈل پہنایا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال چوہدری حسنین کی صاحبزادی اور بھتیجی نے ایم بی بی ایس کے امتحانات میں بھی نمایاں پوزیشنیں حاصل کی تھیں۔