لاہور(جیوڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مالیاتی اداروں میں پیپلزپارٹی کی لوٹ مار نے ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا۔لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اداروں میں سیاسی مداخلت عوام کی امانتوں پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔
آج پاکستان اقتصادی اعتبار سے آئی سی یو میں ہے جبکہ بنکوں کو حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مسلم لیگ ن کو اپنے مالیاتی سیکٹر کی مجبوریوں اور مشکلات کا احساس ہے۔انشااللہ 11 مئی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لیے انقلابی اقدامات کرے گی۔
پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے انکم سپورٹ پروگرام کو بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کا نام دے کر غریب عوام کو دھوکہ دیا۔ہم برسر اقتدار آ کر عوام کے نام پر لوٹ مار کا حساب لیں گے اور غریبوں کا حق انہیں دلا کر رہیں گے۔مسلم لیگ ن عوام کو ان کا حق واپس دلائے گی۔