چکوال کی خبریں 20.04.2013

ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد اُمیدواروں کی تعداد 72 ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد اُمیدواروں کی تعداد 72 ہے ۔ حلقہ این اے60: آزاد امیدوار سردار غلام عباس(بارہ سنگھا)، مسلم لیگ ن کے میجر (ر)طاہر اقبال (شیر )، پاکستان تحریک انصاف کے راجہ یاسر سرفراز (بلا )، پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ (تیر )، تحریک تحفظ پاکستان پیر عبدالشکور نقشبندی (میزائل )، جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے حافظ عبد القدیر (کتاب)، آزاد اُمیدوار حیدر وقار (جنریٹر)، آزاد اُمیدوار ڈاکٹر محمد طفیل (کنگھا)، آزاد اُمیدوار سید آل عمران (سوٹ کیس)، آزاد اُمیدوار مولانا محمد ایاز (گائے)۔ حلقہ پی پی 20: مسلم لیگ (ن) کے چوہدری لیاقت علی خان (شیر )، آزاد امیدوار چوہدری اعجاز حسین فرحت (بارہ سنگھا)، پیپلز پارٹی کے شاہجہان سرفراز راجہ (تیر)، پاکستان تحریک انصاف کے علی ناصر بھٹی ( بلا )، پہلوان گروپ کے شیخ وقار علی ( بالٹی )، جماعت اسلامی کے ملک اختر نواز (ترازو)، آزاد اُمیدوار سید آل عمران (سوٹ کیس)، آزاد اُمیدوار چوہدری عقیل عباس (مٹکا)، جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے اُمیدوار حافظ عبد الغفار (کتاب)، پاکستان عوامی مسلم لیگ راجہ محمد غیاث (قلم دوات)، ایم کیو ایم کے راشد گل (پتنگ) اور آزاد اُمیدوار مولانا محمد ایاز (گائے) شامل ہیں۔ پی پی 21پر مسلم لیگ ن کے ملک تنویر اسلم سیتھی (شیر )، پاکستان تحریک انصاف کے پیر شوکت حسین کرولی (بلا)، آزاد امیدوار ملک اختر شہباز (بارہ سنگھا)، پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ اسد رضا ( تیر)، تحریک تحفظ پاکستان کے ملک جہانگیر اعوان (میزائل )، ایم کیو ایم کے عامر نذر اعوان (پتنگ)، آزاڈ اُمیدوار راجہ نوید اختر ستی (مٹکا) شامل ہیں۔ حلقہ این اے61: جن امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہے اس میں سردار ممتاز ٹمن (شیر )، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہی (سائیکل)، پاکستان تحریک انصاف کے سردار منصور حیات ٹمن (بلا )، آزاد امیدوار مقصودہ بیگم، آزاد امیدوار پٹھان خان، آزاد امیدوار کمانڈر محمد ایوب، آزاد امیدوار سردار مقصود حیات، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد فاروق (کتاب) ایم کیو ایم کے ظفر اقبال (پتنگ)، آزاد امیدوار عامر نواز، آزاد امیدوار طاہر اعوان، آزاد امیدوار ملک عرفان اور آزاد امیدوار بشیر قادری شامل ہیں ۔ حلقہ پی پی 22پر مسلم لیگ ن کے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ (شیر )، آزاد امیدوار سردار غلام عباس (بارہ سنگھا)، پاکستان تحریک انصاف کے پیر نثار قاسم (بلا )، ڈاکٹر محمد طفیل (کنگھا)، آزاد امیدوار محمد ارشد، آزاد امیدوار شبیر احمد، سید سجاد بخاری، منصب خان، آزاد امیدوار تقلید رضا شاہ، تحریک تحفظ پاکستان کے راجہ حسن رضا (میزائل )، جمعیت علمائے اسلام کے صاحبزادہ غلام حسین فاروقی، آزاد امیدوار فوزیہ بہرام، ایم کیو ایم کے محمد سلیم، آزاد امیدوار راجہ ذوالفقار شامل ہیں ۔ پی پی 23پر مسلم لیگ ن کے ملک ظہور انور (شیر)، پاکستان تحریک انصاف کے کرنل سلطان سرخرو (بلا)، مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے سردار امجد الیاس (سائیکل)، آزاد امیدوار نبی بخش، آزاد امیدوار محمد نواز، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر حمید اللہ (ترازو)، آزاد امیدوار حکیم نثار، آزاد امیدوار محمد فاروق ،محمد اسد ظفر، ڈاکٹر شاہنواز اعوان، یار محمد، یاسر محمد، شفیق اور محی الدین شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کو عوام نے کھرے اور کھوٹے کی تمیز کرنا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کو عوام نے کھرے اور کھوٹے کی تمیز کرنا ہے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے وقت 2001ء سے 2007ء تک کے ہمارے دورِ اقتدار کے ترقیاتی منصوبوں اور پھر گذشتہ متنخب عوامی نمائندوں کے 2008ء سے 2013ء کے ترقیاتی منصوبوں کو سامنے رکھنا ہو گا۔ بے شک فرق صاف ظاہر ہے۔ وہ چوآسیدن شاہ، بھون اور میانی میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار ملک اختر شہباز بھی موجود تھے۔ سردار غلام عباس نے کہا کہ گذشتہ 5 سالہ دور میں جھوٹے مقدمات درج کرانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ اساتذہ کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں اور اُنہیں دور دراز علاقوں میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کچہری کی سیاست کو فروغ دیا گیا جس کی وجہ سے گذشتہ پانچ سالوں میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عوام بہترین جج ہیں اور 11 مئی کی عوامی عدالت بہترین فیصلہ سنائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک محمد نذیر نے ہفتہ کے روز ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) چوہدری لیاقت علی خان کی رہائش گاہ پر اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک اور دھچکا، سابق ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 20ریٹائرڈ سیشن جج ملک محمد نذیر نے ہفتہ کے روز ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) چوہدری لیاقت علی خان کی رہائش گاہ پر اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ جسٹس چوہدری مظہر منہاس ، چوہدری محمد نواز کنگ، چوہدری لیاقت علی خان، چوہدری حیدر سلطان بھی موجود تھے۔ ریٹائرڈ سیشن جج ملک محمد نذیر اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ساتھ دفن ہوکر رہ گئی ہے ۔ زرداری حکومت نے عوام کو لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی ، بے روزگاری ، دہشت گردی ، افراتفری ، کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سخت بحرانوں میں گھر چکا ہے ۔ میں چوہدری لیاقت علی خان کی وساطت سے سمجھتا ہوں کہ اس وقت محض میاں محمد نواز شریف وہ قومی لیڈر ہیں جو ملک کو مشکلات سے نجات دِلا سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ چوہدری لیاقت کا ماضی اور حال سب کے سامنے ہے ، وہ ایک باکردار سیاست دان ہیں اور اُن کی سیاست پر کوئی انگلی نہیں اُٹھا سکتا۔ ریٹائرڈ جسٹس چوہدری مظہر منہاس نے کہا کہ ریٹائرڈ سیشن جج ملک نذیر کے ساتھ میری دیرینہ دوستی ہے اور وہ میری درخواست پر ہی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیں۔ چوہدری لیاقت علی خان نے کہا کہ میں ملک نذیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اُنہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک نذیر کی پارٹی میں شمولیت سے مسلم لیگ (ن) کو بڑی تقویت ملی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ ملک نذیر کو اُن کا جائز مقام دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ چکرال کے عوام نے یہ ثابت کردیا کہ چکرال پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ چکرال کے عوام نے یہ ثابت کردیا کہ چکرال پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی راجہ یاسرہمایوں سرفراز خان،امیدوارصوبائی اسمبلی چوہدری علی ناصر خان بھٹی اور جنرل سیکرٹری ضلع چکوال ملک شاہداقبال ایڈووکیٹ جب چکرال پہنچے تو اہلیان چکر ال نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ انہیں گھوڑوں اور موٹر سائیکل سواروں کے ہمراہ جلسہ گاہ میں لایا گیا۔اس موقع پر مقامی مقررکی حیثیت سے وحید ممتاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے تمام امیدواروںکی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور انہیں مکمل یقین دلاتے ہیں کہ انہیں گیارہ مئی کے روز مکمل کامیابی سے ہمکنار کروائیں گے اس موقع پر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس پیار اور خلوص کے ساتھ آپ لوگوں نے ہمارا استقبال کیا اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ عوام اس تبدیلی کے حامی ہیں جو عمران خان اس ملک میں لانا چاہتے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف سطحی بنیادوں پر انصاف مہیا کرنا چاہتی ہے اور اس پر تمام پالیسیاں تحریک انصاف کے پاس موجود ہیں۔ اس موقع پر چوہدری علی ناصر خان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آپکے سامنے جس پارٹی کے امیدوار کے طور حاضر ہوئے ہیں اس کے منشور کے مطابق ہر پاکستانی کو برابری کی سطح پر انصاف فراہم کرنا ہے۔ اجتماع سے سیکرٹری جنرل PTI ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن اور بدامنی کا اگرخاتمہ کرناہے تو 11مئی کو ترازو پرمہر لگانا ہوگا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن اور بدامنی کا اگرخاتمہ کرناہے تو 11مئی کو ترازو پرمہر لگانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے امیدوارحلقہ پی پی20 ملک اخترنواز اعوان نے تترال میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا جس انداز میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو حلقہ پی پی 20سے پزیرائی مل رہی ہے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی ترازو عوام کی امیدوں کا مرکز بن گیا ہے ۔ہم جس گائوں میں بھی گئے ہیں لوگوں نے ترازو کو کامیاب کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔لوگ کرپشن،مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی سے لوگ تنگ آچکے ہیں ۔اور ان تمام خرابیوں کا ذمہ دار سابقہ حکمرانوں کو سمجھتے ہیں اور دونوں بڑی پارٹیوں سے نہ صرف لوگ سخت نالاں ہیں بلکہ مایوس بھی ہیں۔وہ اس مایوسی اور نفرت کا اظہار گیارہ مئی کو کریں گے۔