کراچی (جیوڈیسک)الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست کے اجرا کے بعد پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کراچی میں بیلٹ پیپر کی چھپائی کی کام شروع ہوگیا ہے۔ پہلے بلوچستان اور پھر سندھ کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوگی، بیلٹ پیپر کی چھپائی اور ترسیل کی حفاظت کیلئے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاک فوج بیلٹ پیپر کی چھپائی اور ترسیل کی نگرانی کررہی ہے۔الیکشن کمیشن کی ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپر کی چھپائی پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے تحت کراچی لاہور اور اسلام آباد میں کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق فوجی اہلکار خاص ان مقام پر تعینات کئے گئے ہیں جہاں بیلٹ پیپر چھاپے جارہے ہیں اور جہاں انہیں رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں بیلٹ پیپر ان پرنٹنگ مشینوں پر ہی چھاپے جارہے ہیں جن پر کرنسی نوٹ چھاپے جاتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج بیلٹ پیپر کا حتمی نمونہ ملنے کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کی گئی ۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق چھپائی کے دوران اگر بیلٹ پیپر کی کوئی شیٹ خراب پرنٹ ہوئی تو اسے الیکشن کمیشن کے نمائندوں ، فوجی حکام اور پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام کی موجودگی میں تلف کیا جائے گا۔
پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کراچی میں بلوچستان اور سندھ کے انتخابی حلقوں کے علاوہ جنوبی پنجاب کے بھی کچھ انتخابی حلقوں کیلئے بیلٹ پیپر چھاپے جارہے ہیں۔