لاہور(جیوڈیسک)ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا،واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے شارٹ فال کی وجہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور ایئر کنڈیشنروں کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔فیصل آباد ،ملتان اور پشاور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبار ٹھپ،لوگ بلبلا اٹھے۔شہری علاقوں میں بارہ اور دیہی علاقوں میں سولہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
فیصل آباد میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ اور دیہی علاقوں میں بائیس گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ پاور لومز ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو واپڈہ دفاتر کا گھیرا کیا جائے گا۔پشاور اور اس کے مضافات میں لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ بارہ سے پندرہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔
ملتان کیشہری علاقوں میں چودہ سے سولہ جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے پر میپکو کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق ائیرکنڈیشنرز کے بڑھتے ہوئے استعمال سے بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔