لاہور(جیوڈیسک)لاہور اور دیگر علاقوں میں 36 گھنٹے کی فراہمی کے بعد سی این جی اور صنعتوں کو چار روز کے لئے گیس بند کر دی گئی۔سوئی ناردرن کی جانب سے لاہور،ساہیوال،ملتان اور گوجرانوالہ میں ہفتہ کی شام چھ بجے سی این جی سٹیشنز کو گیس بحال کی گئی تھی۔
جن کے ہفتہ وار شیڈول کے تحت آج صبح چھ بجے دوبارہ بند کر دیا گیا ہے تاہم فیصل آباد،سرگودھا،اسلام آباد اور بہاولپور کے سی این جی سٹیشنز کو گیس بحال کر دی گئی ہے۔صنعتی شعبے میں لاہور،ساہیوال اور شیخوپورہ کی صنعتوں کو 36 گھنٹے کی فراہمی کے بعد گیس بند کی گئی ہے۔
جبکہ فیصل آباد ،سرگودھا،ملتان اور بہاولپور کی صنعتوں کو گیس بحال کر دی گئی ہے۔سوئی ناردرن حکام کے مطابق تخریب کاری کی وجہ سے جن پائپ لائنوں کو نقصان پہنچا تھا۔ان کی مرمت کر دی گئی ہے جس سے اب شیڈول کے تحت ہی گیس فراہمی ہو گی۔