افغان امن عمل : برسلز میں سہ فریقی مذاکرات آج ہوں گے

U.S.-Army Chief

U.S.-Army Chief

برسلز(جیوڈیسک)برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شام کی صورتحال اور افغانستان میں سیکیورٹی کے معاملات پرغورکیا گیا۔آج افغان صدر ،امریکی وزیر خارجہ اور پاکستانی آرمی چیف کے درمیان افغان امن عمل پر سہ فریقی مذاکرات ہوں گے۔

برسلزمیں وزرائے خارجہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ شام کی جانب سے کسی بھی حملے سے نمٹنے اور اتحادی ممالک کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائزہ لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی شام سے ملحقہ سرحد پر پیٹریاٹ میزائل نصب کرنا نیٹو کے عزم کا عکاس ہے۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل راسموسین نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔برسلزمیں آج پاکستان، افغانستان اورامریکا کے درمیان مذاکرات ہوں گے جس میں شرکت کے لیے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی برسلز پہنچ گئے ہیں۔مذاکرات میں افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔