لاہور(جیوڈیسک)لاہور مسلم لیگ ن نے نواز شریف سے مناظرے کے لیے عمران خان کے چیلنج کو بچگانہ قرار دے دیا،سینیٹر مشاہد اللہ کہتے ہیں کہ عمران خان کی پیش کش ایسے ہی ہے جیسے۔انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند رے۔اسلام آباد سے جاری بیان اور ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان اب میدان چھوڑکرٹی وی مناظروں کی بات کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا تھا وہ اسی حلقے سے انتخاب لڑیں گے جہاں سے نوازشریف کھڑے ہوں گے، ٹی وی مذاکرے کی بات محض تشہیری حربہ ہے۔ مشاہد اللہ کا کہنا ہے کہ مذاکرے کی پیش کش نہایت ہی بچگانہ اور غیر سنجیدہ ہے، عمران خان عوام سے رہنمائی کامینڈیٹ لے لیں پھرمناظرہ بازی کاشوق پوراکریں۔