نامور بھارتی گلوکارہ شمشاد بیگم انتقال کرگئیں

Shamshad Begum

Shamshad Begum

ممبئی(جیوڈیسک)نامور گلوکارہ اور ہندوستانی سینما کی پہلی پلے بیک سنگر شمشاد بیگم چورانوے سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔انیس سو انیس میں امرتسر میں پیدا ہونے والی شمشاد بیگم نے گانے کا آغازانیس سو سینتیس میں ریڈیو لاہور سے کیا۔

کیریئر کے ابتدائی دور میں ہی انہوں نے سننے والوں کواپنی آواز کے سحر میں جکڑ لیا۔انہوں نے بیشتر گانے برصغیر کے نامور موسیقارنوشاد اور او پی نیئر کے لیے گائے۔شمشاد نے اپنے دور کے تمام گلوکاروں کے ساتھ مل کرآواز کا جادو جگایا۔محمد رفیع، لتا اورآشا کے ساتھ ان کی آواز زیادہ پسند کی گئی۔

ہندی سینما کے لیے مغربی طرز کا پہلا گانابھی انہوں نے ہی گایا۔شمشاد بیگم کے گانے نصف صدی بعد ری مکس ہوئے تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ مقبولیت ملی۔ شمشاد بیگم کا خیال تھا وہ خوبصورت نہیں ہیں اسی وجہ سے وہ کبھی کھل کرمیڈیا کے سامنے نہ آئیں۔ عوام سے اوجھل رہنے کے باوجود ان کی سریلی آواز نے کروڑوں زندگیوں کو خوبصورت بنادی۔