اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو تحویل میں لے کر جسمانی ریمانڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے، درخواست آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں داخل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کا اعلی سطح کا اجلا س ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے خالد قریشی کی سربراہی میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں ہوا جس میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرویز مشرف کو تحویل میں لے کر تحقیقات کے لیے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
تحویل اور ریمانڈ کی درخواست کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں داخل کی جائے گی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پرویزمشرف سے تحقیقات سب جیل میں بھی کی جا سکتی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق بے نظیر بھٹو قتل کیس میں مشترکا تحقیقاتی ٹیم نے اپنی ابتدائی کارروائی مکمل کر لی ہے۔
پرویز مشرف سے مزید تحقیقات اب ایف آئی اے کرے گی تاہم ضرورت پڑنے پر مشترکا تحقیقاتی ٹیم کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں ایف آئی اے نے پبلک پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔