پنجاب میں دھماکا خیز انتخابی مہم، باقی صوبوں میں دھماکا مہم

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد(جیوڈیسک)پنجاب میں دھماکاخیز انتخابی مہم جاری ہے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے باقی صوبوں میں دھماکا مہم چل رہی ہے۔ 24,25گھنٹوں کے دوران 11 دھماکے ہوچکے ہیں جن میں 11افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔پاکستانی معاشرے اور نظامِ زندگی کے دشمنوں کا اگر کوئی مقصد تھا تو پچھلے 24 گھنٹوں میں واضح ہو گیا، 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے 3 صوبوں میں 9 دھماکے ہوئے، جن کا واضح ہدف تھا 17 روز بعد ہونے والے عام انتخابات، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 24گھنٹوں کے دوران 7دھماکے ہو چکے ہیں۔

منگل کو کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں میں حکومت کی رٹ کو کھلا چیلنج کیا گیا، جن کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سرکی گیٹ کے مقام پر دھماکے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کل کے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے جبکہ 15افراد زخمی ہیں۔

یہ دھماکا متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابی دفتر کے قریب کیا گیا۔ اس سے پہلے عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفاتر اور امیدواروں کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ 5 سال بعد عوام کے پاس ایک مرتبہ پھر اپنے حکمران منتخب کرنے کا موقع آیا ہے۔

عوام کی اکثریت اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ کیونکہ ووٹ نہ ڈالنا انہی دہشت گردوں کی فتح ہوگی جو عوام کو اپنے نمایندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔