کرپشن نے نہ صرف ملک کی معاشی جڑوں کو کھوکھلا کیا بلکہ فوری اور سستے انصاف کے دروازے بھی بند کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا ہے کہ کرپشن نے گزشتہ پانچ سالوں میں نہ صرف ملک کی معاشی جڑوں کو کھوکھلا کیا بلکہ فوری اور سستے انصاف کے دروازے بھی بند کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، عوام نے اگر اس بار محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ساتھ نہ دیا تو آنیوالے پانچ سال بھی کسی عذاب سے کم نہیں ہونگے۔

اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمران ملک و قوم کے مسائل حل نہ کرسکے اور ان کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کو بحران در بحران کا سامناہے عوام آنے والے انتخابات میں اچھی قیادت کا انتخاب کرے تاکہ وہ اچھی حکمرانی اور امن وامان کے پائیدار قیام سمیت ملک و قوم کے مسائل پر توجہ دے اور عوام کے پاس اس دفعہ غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔

کیونکہ انھوں نے سابقہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دیکھ لی ہے جس میں ملک و قوم کو کرپشن و اقرباپروری،لوٹ کھسوٹ،لوڈشیڈنگ،مہنگائی ،بدامنی اور لاقانونیت جیسے بحرانوں کے سوا کچھ نہیں ملا مگر اب گیارہ مئی کو ملک میں تبدیلی ہر حال میں آئیگی اور موروثی سیاست کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائیگا اور تعصب پرستی کی سیاست کرنیوالوں کو عبرتناک شکست ہو گی۔