راولپنڈی(جیوڈیسک)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایف آئی اے کو سابق صدر پرویز مشرف کو گرفتار کرنے کی اجازت دیدی، سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سب جیل میں ہی تفتیش کی جائے گی۔راولپنڈی لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے بے نظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کی عبوری ضمانت کو منسوخ کر دیا تھا۔ حکم نامے کی کاپی آج ملنے پر ایف آئی اے نے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق صدر کو گرفتار کرنے کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ملزم کو گرفتار کرنے کی اجازت دیدی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پرویز مشرف سے چک شہزاد سب جیل میں ہی تفتیش کی جائے گی۔ مقدمے کی سماعت کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار کا کہنا تھا کہ ملزم کو شامل تفتیش کر کے اس کا ریمانڈ لیا جائے گا۔ پرویز مشرف کی وکیل افشاں عادل کا کہنا تھا کہ سابق صدر پر جو اضافی دفعات لگائی گی ہیں اس کی تیاری کا ہمیں موقع نہیں دیا گیا۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق سابق صدر کو ریمانڈ کے لئے ٹرائل کورٹ کے سامنے کل پیش کیا جائے گا جبکہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر شیڈول کو خفیہ رکھا جا ئے گا۔