سندھ بھر میں متحدہ کا سوگ، شام 4 بجے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک)کراچی گزشتہ روز کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں ہونے والے بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے،جس کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے۔جبکہ شام چار بجے کے بعد شہر میں ،سی این جی اسٹشنز ،پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں ایم کیو ایم کے الیکشن آفس پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ سندھ بھر میں یوم سوگ منارہی ہے،کراچی میں ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے اور تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔

میٹرک بورڈ اور سندھ ٹیکنکل بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے ،پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے دفاتر جانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، جبکہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور مسافروں سے منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔

گزشتہ رات ہی شہر کے بیشتر مقامات پر دکانیں ،ہوٹل، سی این جی اسٹیشن اور پیٹرول پمپ بھی بند ہو گئے تھے۔دوسری جانب آل کراچی تاجر اتحاد ،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد،اور سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کی جانب سے شام چار بچے سے مارکیٹیں،سی این جی اسٹیشنز اور ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔