کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں گلستان جوہر کے علاقے رابعہ سٹی میں رینجرز کا سرچ آپریشن مکمل ہوگیا،آپریشن کے دوران گیارہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر رابعہ سٹی میں رینجرز کا سرچ آپریشن مکمل ہوگیا۔
آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے اور علاقے میں کسی کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں تھی۔آپریشن مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔
ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے علاقے کے ایک اسپتال پر قبضہ کرکے اسے پارٹی دفتر بنایا ہوا تھا جسے رینجرز نے خالی کراکے 11 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
دوسری جانب مہاجر قومی موومنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رینجرز نے آپریشن کے دوران مہاجر قومی منٹ کے امید وار مشتاق علی کو حراست لے لیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ مشتاق علی این اے 255 سے پارٹی کے امید وار ہیں۔