عمران خان زرداری کی بی ٹیم کے باولر بن گئے،شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور(جیوڈیسک)لاہور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان زرداری کی بی ٹیم کے اوپننگ باولر بن گئے ہیں،سامنے آئیں، ہر گیند پر چھکا لگائیں گے۔ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ قوم اندھیروں میں ڈوبی ہے۔

لیکن عمران خان صدر زرداری کو کلین چٹ دے رہے ہیں ، لگتا ہے عمران خان نے مسلم لیگ ن ، ق لیگ اورپیپلز پارٹی کے ووٹ چوری کرنے کا ٹھیکہ لے لیا ہے ،شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میٹروبس پر تنقید کر نے والوں نے ثابت کر دیا کہ وہ عوام کو ٹرانسپورٹ بھی نہیں دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ 3سوارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے ،موقع ملا تو بجلی چوری ختم کرا دیں گے ، نگراں وزیراعظم سے درخواست ہے کہ پنجاب حکومت کے 4سو میگاواٹ سولر بجلی کے منصوبے پر جرمن کمپنی کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔