نئی دہلی(جیوڈیسک)چین اپنے موقف پر قائم ہے، لبریشن آرمی اپنی حدود میں رہتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہے، بھارتی میڈیا اشتعال انگیز رپورٹنگ سے باز رہے، ترجمان چیینی وزارت خارجہ کا بیان.بیجنگ، بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید حالیہ سرحدی تنازع حل کرنے کے لئے آئندہ ماہ چین کا دورہ کریں گے۔
جبکہ چین نے ایک بار پھر اپنے موقف کو دوہرایا ہے کہ لبریشن آرمی اپنی حدود میں رہتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہے۔ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہیوچیونگ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین نے بھارت کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر کسی بھی علاقے میں خلاف ورزی نہیں کی ہے۔
لبریشن آرمی اپنی سرحدی حدود میں رہ کر ملک کی حافظت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رپورٹنگ پر بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحول میں کشیدگی پیدا کرنے کے بجائے ایسا ماحول پیدا کیا جائے۔
جس سے دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔ دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر خارجہ سلمان خورشید حالیہ سرحدی تنازع کے حل کے تناظر میں آئندہ ماہ چین کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے میں وہ اپنی چینی ہم منصب اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔