لاہور(جیوڈیسک)لاہور مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید کاکہناہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بہاولپور جلسے میں مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کے حوالے سے جو اخلاق سے گری زبان استعمال کی، وہ مشرقی اقدار سے محبت کرنے والے کروڑوں پاکستانیوں کی شدید دل آزاری کا سبب بنی ہے۔
لاہورسے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے ٹیلی ویژن پر عمران خان کی بہاولپورجلسے والی ناشائستہ گفتگو سنی، وہ یقینا پاکستانی سیاست کی اس تبدیلی پر کانوں میں انگلیاں دینے پر مجبور ہوگئے ہوں گے۔
سینیٹر پرویز رشیدنے امیدظاہرکی کہ عمران خان نہ صرف کروڑوں لوگوں کی دل آزادی پر پاکستانی عوام سے معافی مانگیں بلکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب طلبی میں بھی معافی کے ساتھ ساتھ آئندہ اپنی زبان کو شائستگی کی حدود میں رکھنے کا عہد کریں گے۔