فیصل آباد : مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد(جیوڈیسک) فیصل آباد میں مرمت کے دوران مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے میاں ، بیوی ، بیٹی اور چار سالہ پوتے سمیت چار افراد ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سرسید ٹاون میں ایک مکان کی بالائی منزل پر ایک کمرے کی خستہ حال چھت کی مرمت کے دوران ملحقہ کمرے کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی۔

جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر محمد حسین اور اس کی بیوی ستارہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بیٹی ریحانہ اور چار سالہ ابوبکر اور بیٹے افضل سمیت چار افراد شدیدزخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ریحانہ اور ابوبکر بھی دم توڑ گئے۔

اس طرح ایک ہی خاندان کے چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق محمد حسین کی فیملی مکان کی بالائی منزل پر رہائش پذیر تھی اور خستہ حالی کی وجہ سے چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔