کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں بم دھماکوں کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 42 ملزمان کو گرفتار کرکے بارودی مواداوراسلحہ برآمدکرلیا۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق فرنٹیئر کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرپولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 15 افراد کو حراست میں لیا، کارروائی میں ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
جس سے بارودی مواد کا تھیلا ،6 ٹی ٹی پستول اورکلاشنکوف ملی ہے۔ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کے مطابق لانڈھی کے مختلف علاقوں سے 7 افراد کو گرفتار کرکے کلاشنکوف، رائفل، 3 ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ لانڈھی میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
جوکسی انتخابی سرگرمی کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کی گئی تھی جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں 10 افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔
تھانہ ماڑی پور کی حدود میں واقع مشرف کالونی سے بھی 10 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے گئے،گرفتار ملزمان کے قبضے سے6 امریکی ساختہ دستی بم ، کلاشنکوف،رائفل اور 5 ٹی ٹی پستول بھی ملی ہیں۔تمام ملزمان سے مزیدپوچھ گچھ کی جارہی ہے۔