کراچی(جیوڈیسک)کراچی سندھ کے نگراں وزیر صنعت خالد تواب کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کی وجہ سرکیولر ڈیٹ ہے جس سے ملک میں صنعتیں چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے یہ بات کنزیومر ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام کنزیومر چوائس ایوارڈز کی تقریب کے دوران کہی۔ وزیر صنعت سندھ کے مطابق توانائی بحران کے باعث معیشت کو نقصان ہورہا ہے۔
خالد تواب نے کراچی کی صنعتوں کے لیے کہا کہ آج سے لوڈشیڈنگ میں کمی کردی جائیگی اور اب 8 کے بجائے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی۔ تقریب سے نگراں وزیر آئی ٹی سندھ میاں زاہد حسین نے کہا کہ نگراں حکومت کے لیے بڑا چیلنج امان و امان قائم کرنے کے ساتھ پرامن الیکشن کرانا ہے۔
اس موقع پر پاک بھارت تجارتی چیمبر کے صدر ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ ملک بالخصوص کراچی میں حالات پر نگراں حکومت کنٹرول کرے کیونکہ آئے روز تجارت بند ہونے سے نقصان ہورہا ہے، ایس منیر کا کہنا تھا کہ حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں الیکشن ضرور ہونے چاہئیں تاکہ ملک ترقی کرے۔ تقریب کے آخر میں مختلف کمپنیوں کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔