کراچی(جیوڈیسک)امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اسٹاک مارکیٹ پر بھی اثرانداز ہونا شروع ہو گئی جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی چھائی رہی۔ الیکشن کے حوالے سے پھیلنے والی افواہیں بھی سرمایہ کاروں کے لئے حوصلہ شکن ثابت ہوئیں۔
مارکیٹ پورے سیشن کے دوران منفی زون میں رہی تاہم ٹیلی کام سیکٹر میں خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس چورانوے پوائنٹس کی کمی سے اٹھارہ ہزار آٹھ سو بیاسی پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر ساڑھے سولہ کروڑ سے زائد شیئرز کا کام ہوا۔