اسلام آباد(جیوڈیسک)ایف آئی اے نے بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سے تفتیش مکمل کر لی، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ۔ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں ایف آئی اے نے سابق صدر پرویز مشرف سے تفتیش مکمل کر لی ہے۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے پرویز مشرف کی سب جیل کا دورہ کیا جہاں ان سے سوال پوچھے گئے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں اور پرویز مشرف کے جوابات مییں تضاد پایا جاتا ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف تفتیشی ٹیم کو اپنے جوابات سے مطمئن نہیں کر سکے۔
ذرائع کے مطابق بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر نے تمام ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کی۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف گواہان بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز اور جاوید اقبال چیمہ کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں۔ پرویز مشرف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔