نئی دہلی(جیوڈیسک)بھارتی پارلیمنٹ میں چین کی مبینہ مداخلت کی گونج، حکمران اتحاد میں سماج وادی پارٹی بھی چیخ اٹھی۔ وزیر خارجہ کا آئندہ دورہ چین منسوخ کرنے کا مطالبہ۔ بھارتی پارلیمنٹ میں چین کی جانب سے لداخ میں مبینہ مداخلت کی گونج حکمران اتحاد میں شامل سماج وادی پارٹی نے چین کو بھارت کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مطالبہ کیا ہے کہ وزیر خارجہ کا آئندہ دورہ چین منسوخ کیا جائے۔ ذرائع رپورٹ کے مطابق لوک سبھا اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ نے کہا کہ چین ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے۔ لداخ میں چینی فوج کی دراندازی لمحہ فکریہ ہے اور اس سے بھی بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری حکومت نے اس حوالے سے چپ سادھ لی ہے۔
پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کے باوجود حکومت کے پاس کوئی وضاحت کے لیے لفظ نہیں اور نہ ہی ابھی تک چینی دراندازی کے حوالے سے کسی بھی قسم کے کوئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہماری فوج دراندازی ختم کرنے کے لیے تیار ہے لیکن حکومت کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔