نئی دہلی(جیوڈیسک) بھارت کے سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادیو نے چین کو بھارت کیلئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی وزیر دفاع نے لداخ میں چین کی فوجی مداخلت پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت بزدل اور نااہل ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ لداخ میں فوجی مداخلت سے پتہ چلتا ہے کہ چین بھارتی علاقے پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے 8 برسوں سے اس مسئلے کی نشاندہی کررہا تھا اور بارہا خبردار بھی کیا تھا کہ 1962 کے واقعات کو دہرایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی تھی اور وزیراعظم کی توجہ اس مسئلے کی طرف بھی مبذول کروائی گئی تاہم اس حوالے سے ابھی تک انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج لداخ سے چینی فوج کو نکالنے کیلئے تیار ہے تاہم حکومت کی طرف سے انہیں ابھی تک کوئی اشارہ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے جبکہ بھارت کو پاکستان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔