سانگھڑ : کیڈٹ کالج سانگھڑ کے دو طالب علم دوران پکنک ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق۔
Posted on May 3, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
سانگھڑ : تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج سانگھڑ کے طلباء پکنک منانے کے لیے چوٹیاری ڈیم گئے تھے جہاں یہ حادثہ پیش آیا جاں بحق طلباء کے نام فیصل کیانی اور اظہارالحسن ہیں جن کا تعلق کراچی سے ہے اور دونوں فرسٹ ائیر کے طالبعلم تھے فیصل کیانی اپنے ماں باپ کا اکلوتا بیٹا بتایا جاتا ہے اطلاعات کے مطابق واقعہ چوٹیاری ڈیم میں کشتی کی سیر کے دوران پیش آیا۔
ایک طالبعلم کشتی کو جھٹکا لگنے کے باعث ڈیم میں گرا تو دوسرے نے اسکی جان بچانے کے لیے ڈیم میں چھلانگ لگا دی جسکے نتیجے میں دونوں طلباء ڈوب کر جاں بحق ہو گئے مقامی غوطہ خوروں نے طلباء کی لاشوں کو نکالا جنہیں سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا ہے۔
کیڈٹ کالج کا عملہ جان بحق طلباء کی لاشوں کو ھسپتال میں چھوڑ کر باقی طلباء کو لیکر کیڈٹ کالج روانہ ہو گیا دوسری جانب کیڈٹ کالج کے پرنسپل اور ایڈجوٹینٹ سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا کیڈٹ کالج انتظامیہ کی جانب سے کیڈٹس کے تحفظ اور کسی حادثہ سے بچائو کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔