آئندہ (جیو ڈیسک)آئندہ انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی آخری مراحل میں ہے۔ جبکہ فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل ملک بھر میں شروع ہو گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے انتخابات کے بروقت انعقاد میں مکمل معاونت کے اعلان اور اب بیلٹ پیپر کی ترسیل کا عمل شروع ہونے کے بعد ملک بھر میں الیکشن کے التوا کی تمام تر افواہیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔
فوج کی کڑی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بعد ترسیل کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن اسلام آباد سے مالاکنڈ ڈویژن کے لیے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام باحفاظت مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ آج سے ہزارہ ڈویژن میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کی اندر اور باہر تعینات رہے گے ۔
کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا عمارت میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلی افسران سمیت،ڈسٹرک مجسٹریٹ کی حاضری کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب کراچی اور لاہور کے پرنٹنگ کارپوریشنز نے بھی بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو چھ مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔