لاہور(جیوڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے شہباز شریف کے خلاف منفی اشتہارات کیس نمٹا دیا، عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کا نوٹس لے چکا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے تحریری جواب کے بعد شہباز شریف کے خلاف منفی اشتہار کیس نمٹا دیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے تحریری جواب میں عدالت کو بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کے خلاف منفی اشتہارات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کیس کی سماعت کے بعد بیرسٹر اعتزاز احسن نے ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا وہ آج پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی جانب سے پیش ہوئے۔
انہوں عدالت سے پوچھا کہ چار بجے کیوں کیس لیا گیا۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے عدالت میں ٹیپ چلانے کی پیشکش بھی کی تھی۔ دو ہزار ایک میں یہ ٹیپ سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ پسپا ہو گئی ہے۔ بارہ سال سے نواز لیگ نے اس ٹیپ پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ این آراو کیس میں بنچ بن جاتا ہے لیکن اصغر کیس میں عملدرآمد بنچ نہیں بنتا۔