ذاتی مفادات کے لئے عوام کو بے وقوف بنانے والوں کا دور گذر گیا ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے لئے عوام کو بے وقوف بنانے والوں کا دور گذر گیا اب ووٹ صرف اور صرف کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر ہی ملیں گے۔

اپنے وطن سے عشق اور ترقی وخوشحالی ہماری سیاست کا محورہے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری روحیل اکبر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ ملک کو کرپٹ سیاستدانوں سے بچانے کی ضرورت ہے مراعات یافتہ اور مفاد پرست طبقے نے ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا بدعنوانی ایک ایسا کینسر ہے۔

جو ملک کی سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی زندگی پر اثر ڈال رہا ہے ملک پر بدعنوان حکمران مسلط رہے جس سے آئے روز ملک بحرانوں کا شکار ہوا انہوں نے کہا ناعاقبت اندیش حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج 22لاکھ لوگوں نے پاکستان کی خاطر گردنیں کٹو ا کر اس عظیم ملک کی بنیاد رکھنے کے باوجود بین الاقوامی سطح پر ہمیں کرپٹ قوم کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

تحریک تحفظ پاکستان اس کرپٹ ٹولے سے پاکستان کے عوام کو نجات دلا کردم لے گی سابق حکمران صرف اپنی تجوریاں بھرنے میںمصروف رہے انہیںپاکستان کی 17کروڑ عوام کاکوئی احساس نہیں پاکستان ایٹمی قوت بنا کر عالمی دنیا میں ایک باعزت مقام دلایا اب ہم پاکستان کو ٹھگوں لٹیروں اور کرپشن مافیا سے چھڑا کر قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر رہیںگے۔

مفاہمت کے نام پر منافقت کرنے والوں اور روٹی کپڑا مکان کے نام پرقوم پر مہنگائی، لوڈشیڈنگ اوربے روزگاری مسلط کرنے والے کرپٹ حکمرانوں کے جانے کا وقت اب قریب آ گیا ہے ۔مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے ستائے عوام زرداری ٹولے کی ملک دشمن پالیسیوں کیخلاف11مئی کو اپنے ووٹ کی طاقت سے شکست فاش سے دوچار کریں گے۔

ملک میں جاری دہشت گردی کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کی سالمیت اور معیشت کو تباہ کرنے کیلئے مذموم کارروائیوں میں مصروف ہیں پاکستان دوست قوتیں اور سیاسی جماعتیں مذہبی شخصیات کردار ادا کر کے ان کارروائیوں کا تدارک کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔