ہنگو(جیوڈیسک)ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 16 شدت پسند ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہو گئے، ہنگو میں سرچ آپریشن کے دوران اہم شدت پسند کمانڈر بلال سمیت 22 مشتبہ افراد گرفتار۔ اورکرزئی کے علاقوں ہنگو اور وادی تیرہ میں سیکیورٹی فورسز نے کرتے ہوئے 16 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھ لڑائی میں سیکیورٹی فورسز کے 2 جوان شہید جبکہ3 زخمی ہو گئے۔ ادھر ہنگو میں سرچ آپریشن کے دوران 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے قسمت سانگر میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے 16 شدت پسند مارے گئے اور تین ٹھکانے تباہ ہوگئے۔
ہنگو میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر ازغروبانڈہ میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اہم شدت پسند کمانڈر بلال سمیت 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔