چنیوٹ(جیو ڈیسک) چنیوٹ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے انگریز کا بنایا ہوا نظام ختم کریں گے،جس دن بلدیاتی نظام بن گیا ایم این اے اور ایم پی اے کے پیچھے بھاگنا نہیں پڑے گا۔ چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ۔
بعض لوگ دین کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کررہے ہیں،پہلے کہا گیا کہ مجھے یورپی لابی کی حمایت ہے، پھرکہا یہودی لابی کی حمایت ہے، اب کہا جارہا ہے کہ مجھے قادیانی لابی کی حمایت حاصل ہے،واضح کردوں حضور ۖکو آخری نبی نہ ماننے والا مسلمان نہیں ہوسکتا۔
عمران خان نے کہا کہ اب بلے کا وقت آگیا ہے، بلے سے چور ، ڈاکوں، لٹیروں اور سرکس کے شیروں کے ساتھ بہت برا کرنا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ نئے پاکستان میں سب سے زیادہ عزت استاد اور جج کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیر اورغریب کے بچے کے لیے ایک ہی نصاب لائیں گے۔