اس نغمہ کے ذریعے متحدہ قومی موومنٹ کے منشور برائے الیکشن 2013 کو دلکش اور متاثر کن انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
Posted on May 6, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : معروف نوجوان گلوکار رضوان کاکوی کا مقبول نغمہ ‘قائد کا فرمان آڈیو اور ویڈیوسی ڈی پرریلیز کردیاگیا۔ یہ نغمہ خاص طورپرعام انتخابات کے موقع پر جاری کیاگیا ہے جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے پیش کردہ منشور کودلکش اور متاثر کن انداز میں پیش کیاگیاہے اور متحدہ قومی موومنٹ کے منشور میں شامل تمام نکات کو خوبصورت شاعری اور عمدہ گائیکی کے ذریعے ایک پیغام کی صورت عام لوگوں تک پہنچانے کی عمدہ کوشش کی گئی ہے۔
اس نغمہ میں جن نکات کوخصوصی اہمیت دی گئی ہے وہ پاکستانی معاشرے میں امیروں اور غریبوں کے درمیان بڑھتی ہوئی طبقاتی خلیج اور ظلم، جبر اور ناانصافی کا ذکر کیاگیا ہے جس سے ملک کے 98 فیصد عوام دوچار ہیں ، اس گیت میں بتایاگیاہے جاگیردار اور وڈیرہ شاہی کلچر ہمارا مستقبل نہیں بلکہ غریب اور متوسط طبقہ ہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنا سکتا ہے۔
بشرطیکہ اس طبقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور مواقع مہیا کئے جائیں اور ظلم اور جبر کی چکی میں پسنے والے مظلوموں کو ان کا جائزحق دیا جائے۔ رضوان کاکوی کی خوبصورت آواز میں گایا ہوایہ نغمہ نہ صرف پاکستان میں 98 فیصد مظلوم اور غریب طبقے کی نمائندہ جماعت متحدہ قومی موومینٹ کے منشور کو ملک کے کونے کونے اور بیرون ملک تک پہنچانے کاباعث بن رہا ہے۔
بلکہ یہ نغمہ اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ متحدہ قومی موومینٹ کی جدوجہد غریب و متوسط طبقے کو اس کا حق دلانے کیلئے ہے اور یہ منزل تبھی حاصل ہوگی
جب پورے ملک کے غریب ومظلوم طبقے کے عوام مکمل یکجہتی کا مظاہر ہ کریں گے اور ہر قسم کے ظلم وجبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ اس گیت کو انو رضوی نے لکھا ہے جبکہ میوزک ڈائریکٹر واجد سعید ہیں اور فلوٹ پر ذوالقرنین نے پرفارم کیاہے۔ آڈیو مکسنگ ساؤنڈ انجینئر محمد احمد نے کی ہے۔
گلوکار رضوان کاکوی کے اس گیت کو قائد تحریک الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی بہت سراہاہے جبکہ گلوکار رضوان کاکوی نے اس نغمہ کی تیاری اور ریلیز میں تعاون پر اظہر منیر اور ذیشان کاکوی سمیت ان تمام افراد کاشکریہ ادا کیاہے جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ہر مرحلے پر ہر ممکن تعاون کیا۔ رضوان کاکوی نے کہاہے کہ اس نغمہ کی پسندیدگی پر وہ متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت اور رابطہ کمیٹی سمیت تمام لوگوں کے شکرگزار ہیں اور اپنے اس گیت کو وہ ملک میں امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے نام کرتے ہیں۔
انہوں نے شوبز سے تعلق رکھنے والے تمام فنکاروں سے کہا ہے کہ اپنی تمام توانائیاں ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے وقف کردیں اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس نغمہ کی پسندیدگی سے انہیں ایک نیا حوصلہ ملا ہے اور وہ آئندہ بھی اسی طرح کے حب الوطنی پر مبنی گیت پیش کرتے رہیں گے۔