الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے، ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کی طرف سے جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد زوروشور سے جاری ہے۔ ایسے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ایسا امیدوار بھی ہے جو ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے ووٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مدوجان گوہر وزیر ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ این اے 24 پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران بڑے بڑے جلسوں کا انعقاد تو مدوجان گوہر وزیر کے بس کی بات نہیں البتہ مخصوص قبائلی رقص کرکے مدوجان گوہر وزیر ووٹرز کی خاطرخواہ تعداد جمع کر لیتا ہے۔
مدوجان گوہر وزیر کے حمایتی نہ صرف اس منفرد انتخابی مہم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں بلکہ اپنے امیدوار کی کامیابی کے لیے پرامید بھی ہیں۔ گیارہ مئی کے انتخابی نتائج سے قطع نظر مدوجان گوہر وزیر اپنے حلقے کے عام آدمی کی حالت سدھارنے کی کوششیں ہمیشہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔