شرپسندوں کے انسانیت سوز جرائم انکی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی

اسلام آباد(جی پی آئی)قائد ملت جعفریہ پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام صدر علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہاہے شیطانی اور طاغوتی طاقتوں کے آلہ کاروں نے پیغمبر عظیم الشان صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کے جلیل القدر صحابی’ اسلام کی خاطر حبشہ کی طرف ہجرت کرنے والے مجاہد اور جنگ موتہ میں اسلام کے علمبردار اور شہید جن کے بارے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ”خداوند قدوس نے جعفر طیار کو دو پر عطا کئے ہیں۔

جن کے ذریعے وہ جنت میں پرواز کرتے ہوئے نظر آئیں گے کی ضریح مبارک جو جلادیا اور اپنا مکروہ اور پلید چہرہ دنیا کو دکھایا۔اسی طرح رسول گرامی صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم اسلام کے عظیم صحابی’ امیر المومنین علی ابن ابی طالب اور اہل بیت کی محبت کا دم بھرنے والے عابد’ زاہد اور متہجد باللیل حضرت حجر ابن عدی کی قبر مطہر کو بنش کرکے شریعت محمدی صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کا مذاق اڑایا ہے ہم اس ظالمانہ اور وحشیانہ اقدام کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔

ایسے پست اور گھٹیا اقدامات کو انکی شکست کی دلیل سمجھتے ہیں۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ میرے خیال میں یہ وہی شرپسند عناصر ہیں جنہوں نے شیطانی اور طاغوتی طاقتوں کا آلہ کار بن کر پاکستان’ افغانستان ‘ عراق اور دیگر اسلامی ممالک میں قرآن پاک جلائے اور مقدسات اسلامی کی توہین ان کی عادت بن چکی ہے چاہے وہ مقدسات پیغمبر اسلام کی ذات مقدس ہو یا ان کے اہل بیت میں کوئی فرد ہو یا انکا کوئی جلیل القدرصحابی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ البتہ ایسے اقدامات صہیونیوں کی جسارت کا پیش خیمہ بن سکتے جس کے ذریعے وہ آسانی سے مسجد اقصی کی توہین یا تخریب کے سلسلے میں اپنے ناپاک عزائم کو عملی کرسکتے ہیں ۔ایسے سفاک اور بے دین عناصر دراصل اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کے لئے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکاکر بنیادی اور اصلی مسائل سے انکی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

تاکہ اپنے شیطانی اہداف کو پورا کرسکیں۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ اس قسم کے سفاکانہ اور بے شرمانہ اقدامات کے خلاف پوری امت اسلامیہ کو یک زبان ہوکر شدید احتجاج کرنا چاہیے البتہ ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جس سے شرپسند اور اسلام دشمن عناصر کو امت مسلمہ میں اختلاف ایجاد کرنے کا موقع مل سکے۔