اقتدار پڑھے لکھے،محب وطن افراد کے حوالے کرنا عوام کی ذمہ داری ہے : جماعت اسلامی پنجاب
Posted on May 6, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ قوم بیدار ہوچکی ہے۔ہمارا انتخابی منشور انقلابی ہے۔پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔سابقہ تمام حکمرانوں نے وطن عزیز کی عزت،وقار اور سلامتی سب کچھ امریکہ کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔
جماعت اسلامی برسر اقتدار آکرملک و قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلائے گی۔دہشت گردی،مہنگائی اور بے روز گار ی کا خاتمہ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ سیاسی نمائندے ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہوئے اخلاقیات کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ایک دوسرے کے خلاف غیر مہذب و غیر شائستہ الفاظ استعمال نہ کیے جائیں۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے۔
وقت آگیا ہے کہ چوروں،لیٹروں کا احتساب کیا جائے۔پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے دور اقتدار میں ملکی قرضے دوگنا ہوگئے مگر کوئی ایک بھی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ اور فرسودہ نظام نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والے اور نیا پاکستان بنانے والے12مئی کوحقیقت جان جائیں گے۔امریکہ پاکستان میںہنگ پارلیمنٹ چاہتا ہے۔
اس سازش کی تکمیل کے لئے کام ہورہا ہے۔نگران حکومت انتخابات کے پیش نظر ملک میں امن و امان کی فضا بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے۔ملک کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
نذیر احمد جنجوعہ نے قوم سے اپیل کی کہ انتخابات میں”ترازو”کو کامیاب کرائیںتاکہ ملک کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔اقتدار پڑھے لکھے،محب وطن اور بے داغ کردار کے حامل افراد کے حوالے کرنا قوم کی اولین ذمہ داری ہے۔جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو پاکستان ایک ترقی یافتہ خوشحال ملک بن جائے گا۔