مشرف پرآرٹیکل 6کے تحت مقدمہ ‘بذات خود قابل احتساب و سزا ہے, آل پاکستان مسلم لیگ
Posted on May 8, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن طاہر حسین سیدنے کہا ہے کہ آئین توڑنا یا اسے مسخ کرنا آرٹیکل 6کے تحت جرم ہے مگر جس وقت یعنی2007ء میں پرویز مشرف نے ایمرجنسی نافذ کرکے آئین معطل کیا اس وقت آئین کی معطلی یا اسے غیر فعال کرنا آرٹیکل 6کی زد میں نہیں آتا تھا اور چونکہ مشرف نے آئین توڑا نہیں بلکہ اسے محدود مدت کیلئے معطل کرکے بعدازاں بحا ل کردیا۔
اسلئے ان پر آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانا آئین و قوانین کی صریح خلاف ورزی اور بذات خود قابل احتساب و سزا عمل ہے مگر آئین و انصاف کے تحفظ کے دعویدار مخصوص ٹولے و محدود طبقے کے مفادات کیلئے آئین و قوانین کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہیں اور محب وطن , عوام دوست ,جمہوریت پسند و روشن خیال قیادتوں و قوتوں پر کفر و غداری کے فتاویٰ لگارہے ہیں اور غداروں ,دہشت گردوں ,ملک دشمنوں ,آمروں کے لے پالکوں سمیت مسلح فواج کے دشمنوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے قاتلوں کونہ صرف محب وطن قرار دیا جارہا ہے۔
بلکہ فوج کو اپنا تابع بنانے کے جنون میں مبتلا قیادت عابد رضا گجر جیسے دہشتگرد کو انتخابی ٹکٹ دے رہی ہے اور مشرف جیسے محب وطن کو غدار کہہ کر نا اہل قرار دینے والے سزا یافتہ دہشتگرد کو اہل قرار دے رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حب الوطنی اور آئین وجمہوریت کے تحفظ کا ڈھونگ رچانے والے ملک کو دہشتگردوں کے حوالے کردینا چاہتے ہیں اور مشرف کو تعمیر پاکستان ترقی عوام کے جرم میں بھٹو کی طرح اپنے راستے سے ہٹا دینا چاہتے ہیں۔