اسلام آباد(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے اڈیالہ جیل سے لاپتہ تمام سات قیدیوں کو دس مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور حساس اداروں کے وکیل کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایجنسیوں کے وکیل راجا ارشاد نے بتایا کہ قیدیوں کو حراستی مراکز سے نکال کر پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
اب ان کے خلاف پولیٹیکل انتظامیہ کیس چلا رہی ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ بغیر کسی کارروائی کے ایک قیدی کو پانچ سال اور دوسرے کو چودہ سال کی سزا سنا دی گئی۔ قیدیوں کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان قیدیوں کو کسی فورم پر پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے دس مئی کو تمام قیدیوں اور ان کے خلاف چلنے والے کیسوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی اور اٹارنی جنرل کو اس روز اپنی حاضری یقینی بنانے کو کہا۔