اسلام آباد(جیوڈیسک)امیدواروں کی عوامی رابطہ مہم کل ختم ہورہی ہے، الیکشن کمیشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ، جب کہ پنجاب میں سیکورٹی کیلئے آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈکوارٹرز لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس ہو ا ہے ، انتخابی مہم کل رات بارہ بجے ختم ہورہی ہے۔
امیدواروں کے پاس اب ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے کچھ ہی وقت رہ گیا ہے ، ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیوں کاسلسلہ جاری ہے ، دوسری طرف انتخابات کے لیے فوج کی تعیناتی کا عمل بھی جاری ہے ، کراچی میں دس ہز ار فوجی تعینات کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے بلوچستان میں تیس ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
گذشتہ روز سندھ میں سیکیورٹی معاملات پر نظر ڈالنے کے بعد آج آرمی چیف کی صدارت میں پنجاب کے سیکیورٹی معاملات پر غورہوررہا ہے ، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل بھی تیز ہوگیا ہے ، الیکشن کمیشن نے فاٹا میں پولنگ عملے کو ہیلی کا پٹر کے ذریعے پہنچانے کافیصلہ کیا ہے۔
انتخابی مہم کل رات بارہ بجے ختم ہوگی اور پھر گیارہ مئی کوپولنگ ہوگی جس میں ملک بھر سے آٹھ کروڑ سے زائد ووٹرز قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے اپنے نمائندوں کا چناو کریں گے ، اس بار ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹرز کے ساتھ امیدوار بھی سب سے زیادہ تعداد میں مدمقابل ہیں۔