اسلام آباد(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے دیر سے جعلی بیلٹ پیپرز پکڑے جانے کے بعد صوبائی الیکشن کمشنرز کو نئی ہدایات جاری کردیں،الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبرپختونخوا سے تحقیقاتی رپورٹ اور جعلی بیلٹ پیپرز کے نمونے بھی مانگ لیے۔دیر سے جعلی بیلٹ پیپرز پکڑے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو خط لکھا ہے۔
جس میں پریزائڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بیلٹ پیپر سرکاری مہر کے بغیر جاری نہ ہو اور گنتی میں بھی ایسا کوئی بیلٹ پیپر شامل نہ کیا جائے۔
جس پر سرکاری مہر نہ لگی ہو۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبرپختونخوا سے دیر میں پکڑے جانے والے بیلٹ پیپرز کے نمونے اور تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔