اسلام آباد(جیودیسک)تحریک انصاف آج ڈی چوک اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے عمران خان ویڈیو خطاب کریں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 11 مئی کو ضمیر کے مطابق اپنا ووٹ استعمال کریں۔
منگل کے روز لاہور میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی قیادت ہنگامی اجلاس کے بعد ذرائع کو پارٹی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن قومی قائدین نے عمران خان کیلئے پھول اور پیغامات بھجوائے ہیں ہم ان کے مشکور ہیں اور ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں مانگنے پر ہم پوری قوم کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ تاہم اس حادثے میں حکومتی کوتاہی کے آثار نمایاں ہیں۔
وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان ایک نڈر رہنما ہیں انہوں نے قوم کی خاطر اپنا کام پوری ذمہ داری سے ادا کیاہے اب قوم 11 مئی کو اپنا آئینی فریضہ ادا کرے اور ضمیر کے مطابق ووٹ کا استعمال کرے۔
9 مئی کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ تاریخ رقم کرے گا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر، جہانگیر ترین اور شریں مزاری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔