کراچی(جیوڈیسک) کراچی انتخابات سے صرف دو روز قبل کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 210 پوائنٹس کی نمایاں تیزی آئی ہے۔غیرملکی سرمایہ کاری سے مارکیٹ تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ بدھ کو تمام دن مارکیٹ میں تیزی کا راج رہا۔۔غیرملکی سرمایہ کاروں کی تیل و گیس، بینکوں اور سیمنٹ کمپنیوں کے حصص میں خریداری نے کراچی اسٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچادیا۔
جس کو دیکھتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں نے بھی نئی پوزیشنز لیں۔کاروباری حجم میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی جو گذشتہ روز کے مقابلے میں آٹھ کروڑ شئیرز بڑھکر پچیس کروڑ اکیس لاکھ شئیرز کے سودوں تک پہنچ گیا۔تیزی کے نتیجے میں مارکیٹ سرمائے کی مجموعی مالیت 29 ارب روپے کے اضافے سے 48 کھرب روپے ہوگئی۔
۔ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ نے 19500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو بھی عبور کیا تاہم کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 210 پوائنٹس کے حتمی اضافے سے 19472 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔