تربت(جیوڈیسک)انتخابی مہم کے آخری روز بھی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں ،تربت میں قافلے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے،خیبر ایجنسی میں پولنگ سٹیشن کے قریب سے دو میزائل برآمد کر لئے گئے۔انتخابی مہم کے دوران آج آخری روز بھی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔شدت پسند بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں زیادہ سرگرم ہیں۔
تربت میں پی بی 50 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اکبر اسکانی کے قافلے پر شرپسندوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔شدت پسندوں نے مردان کے علاقے کاٹلنگ میں اے این پی کے رہنما حیدر علی ایڈوکیٹ کے حجرے پر دستی بم سے حملہ کر دیا۔
ذپولیس کے مطابق دھماکے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں پولنگ سٹیشن کے قریب سے دو میزائل برآمد ہوئے ہیں ۔ جنہیں بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے بٹگرام سے 5 کلو بارودی مواد برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔